برسبین اولمپکس 2032 کے کھیلوں کا حتمی پروگرام اپریل 2027 میں طے ہوگا، آئی او سی

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)نے اعلان کیا ہے کہ برسبین اولمپکس 2032 کے کھیلوں کا حتمی پروگرام اپریل 2027 میں طے کیا جائے گا۔ شنہوا کے مطابق برسبین اولمپکس 2032 کے کھیلوں سے متعلق فیصلہ آئی او سی کے 147ویں اجلاس میں کیا جائے گا، جو ڈومینیکن ریپبلک کے شہر پونٹا کانا میں منعقد ہوگا۔آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے ڈاکار میں ہونے والے اجلاس کے دوران پروگرام کو حتمی شکل دینے کے نئے شیڈول کی منظوری دی۔ برسبین اولمپکس پہلے کھیل ہوں گے جن میں آئی او سی کی نئی پالیسی کے تحت کھیلوں اور مقابلوں کا انتخاب کیا جائے گا۔نئے طریقہ کار کے تحت کھیلوں کا جائزہ کھلاڑیوں کی نمائندگی، عالمی مقبولیت، اخراجات اور انتظامی پیچیدگی سمیت مختلف معیارات پر لیا جائے گا، تاکہ اولمپکس کے کھیلوں کے پروگرام کو زیادہ مؤثر، پائیدار اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جاسکے۔آئی او سی کے مطابق دسمبر 2026 میں ایگزیکٹو بورڈ فیصلہ کرے گا کہ کون سے موجودہ کھیل خودکار طور پر برسبین اولمپکس میں شامل کرنے کی سفارش کے اہل ہوں گے، کن موجودہ اور نئے مجوزہ کھیلوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا اور کن کھیلوں کو مزید غور کے عمل سے خارج کردیا جائے گا۔ توقع ہے کہ موجودہ کھیلوں کی اکثریت کو پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کی جائے گی۔آئی او سی کا کہنا ہے کہ نیا طریقہ کار عالمی کھیلوں کی تنظیموں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور مستقبل کے اولمپکس میں کھیلوں کے انتخاب کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ برسبین اولمپکس 2032 کا انعقاد 23 جولائی سے 8 اگست 2032 تک ہوگا۔



