پاکپتن: دیپالپور روڈ پر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم ، 11 افراد جاں بحق

پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر بس اور ٹریلر میں تصادم سے 11 مسافر جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے 2 اہلکار بھی شامل ہیں ، مسافر بس ملتان سے قصور جا رہی تھی ۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ساہیوال اسپتال ریفر کردیا گیا۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جاں بحق اور زخمی افراد کو 3 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن میں کرین سمیت بھاری مشینری کی مدد سے نکالا گیا۔
ڈی ایچ کیو اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اضافی ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری، معیاری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔



