اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئے سٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، غیر ملکی مہمانوں کو عالمی معیار کی پروٹوکول سہولیات فراہم ہوں گی، خواجہ آصف

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے غیر ملکی سربراہانِ مملکت اور بین الاقوامی وفود کو عالمی معیار کی پروٹوکول سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید سٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے)کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک پروقار تقریب میں نئے سٹیٹ لاؤنج کا سنگِ بنیاد رکھا اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع نے ایئرپورٹ کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل شاہد افضال سمیت وزارت دفاع اور پی اے اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نیا سٹیٹ لاؤنج پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سربراہی اجلاس 2027ء کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ منصوبہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مہمان نوازی اور پروٹوکول کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے۔پی اے اے کے مطابق نئے سٹیٹ لاؤنج کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے معزز غیر ملکی مہمانوں، سرکاری وفود اور سربراہانِ مملکت کو بین الاقوامی معیار کے پروٹوکول اور لاؤنج کی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے ایئرپورٹ پر ریاستی مہمان نوازی کے انتظامات مزید مؤثر اور مستحکم ہوں گے.



