عالمی

امریکی وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کاکنٹرول ڈیموکریٹس کو ملنےکی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف بڑی تحقیقات شروع ہونے کا امکان

امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتیجے میں کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کو ملنے کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف چار بڑی تحقیقات شروع ہو سکتی ہیں۔

وسط مدتی انتخابات میں عموماً وائٹ ہاؤس میں موجود جماعت کو سیاسی نقصان اٹھانا پڑتا ہے، اگر ڈیموکریٹس کانگریس کے کسی بھی ایوان کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں تو انہیں حکومتی عہدیداروں کو طلب کرنے، دستاویزات حاصل کرنے اور تحقیقات کے لیے اضافی فنڈز مختص کرنے کے اختیارات مل جائیں گے، مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیابی کی صورت میں ڈیموکریٹس کی توجہ 4 اہم معاملات پر ہوگی۔

نمبر 1: ٹرمپ خاندان کے کاروبار اور مالی معاملات
ڈیموکریٹس نے واضح کر دیا ہے کہ ٹرمپ خاندان کے کاروباری سودے، انتظامیہ اور کاروباری اداروں کے مبینہ روابط، کرپٹو کرنسی کمپنیوں سے تعلقات اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے بین الاقوامی کاروباری معاملات کی تحقیقات اہم ہدف ہوں گے، قطر کی جانب سے صدر ٹرمپ کو 40 کروڑ ڈالر کا طیارہ اور ٹرمپ خاندان سے منسلک کمپنیوں کو دفاعی معاہدے بھی ممکنہ تحقیقات کا حصہ ہوں گے۔

نمبر 2: وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور پینٹاگون
ایران جنگ میں شہری ہلاکتوں، جنگی اخراجات، اسلحے کی ممکنہ قلت اور فوجیوں کی تیاری کے علاوہ بحیرہ کیریبین میں امریکی کارروائیوں کی تحقیقات بھی ہو سکتی ہیں، ڈیموکریٹس پہلے ہی ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کر چکے ہیں تاہم مواخذے کے لیے ایوانِ نمائندگان میں سادہ اکثریت اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

ماہرین کے مطابق تحقیقات اور سماعتوں سے پیدا ہونے والا سیاسی دباؤ ہیگستھ کی برطرفی یا استعفے کا سبب بن سکتا ہے۔

نمبر 3: امیگریشن حکام کی کارروائیاں
ڈیموکریٹس کی ممکنہ تحقیقات کا تیسرا بڑا ہدف غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف حکومتی کارروائیاں اور امیگریشن حکام کا کردار ہو سکتا ہے، ان تحقیقات میں ملک بھر میں امیگریشن چھاپوں کے دوران امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ یعنی ICE کے اہلکاروں پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدسلوکی کے الزامات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

نمبر 4: ٹرمپ کا تیسرا مواخذہ
ڈیموکریٹس کے بعض ارکان کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران جنگ شروع کرنے اور دیگر اقدامات پر صدر ٹرمپ کے تیسرے مواخذے کے حامی ہیں جبکہ پارٹی کے دیگر ارکان محتاط رویہ اختیار کرنے کے حامی ہیں۔

سینیٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنا مشکل ہونے کے باعث مواخذے کی کامیابی کے امکانات محدود ہیں تاہم بعض ڈیموکریٹس کے مطابق تحقیقات کا آغاز ہی ایک اہم سیاسی پیغام ہوگا جس کے اثرات آئندہ 2 دہائیوں تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button