وزیر داخلہ محسن نقوی کا بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، شہید سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو بر وقت کارروائی کر کے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر وہ سکیورٹی فورسز کے دلیر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے خاران میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپاہی حکمت اللہ نے مادر وطن کے امن و دفاع کی خاطر اپنی جان قربان کر کے شجاعت کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور ہماری فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



