جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی کیخلاف دھرنے 13ویں روز بھی جاری، 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے کراچی،لاہور اور پشاور میں دھرنے 13ویں روز بھی جاری ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 3 ستمبر کو ملک گیر پُرامن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اب صرف 3 نہیں بلکہ ملک کے کئی شہروں میں بیک وقت دھرنے جاری ہیں۔
انہوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار دھرنوں سے نکل کر بازاروں اور سڑکوں تک پھیلایا جائے گا، عوام کے ہمراہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام پر ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ ڈال کر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے، اب ڈرامے بازی ختم کرکے لوگوں کو حقیقی ریلیف دینا ہوگا، حکمرانوں کے پاس نہ کوئی وژن (Vision) ہے نہ صلاحیت، ان کا واحد وژن عوام کو لوٹنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہڑتال سے پہلے اور بعد اسلام آباد بھی جاسکتے ہیں، پمز میں 14بچے جان سےچلے گئے، یہ سب نااہلی کے نتیجے میں ہوا، پمز اسپتال میں کوئی حفاظتی اقدامات نہیں تھے، ڈاکٹروں اور عملے کو ٹریننگ دینے کا کوئی سسٹم ہی نہیں ہے۔



