ٹاپ نیوز

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ،آئندہ بجٹ کے لیے ٹیکس پالیسی آفس کی تیار کردہ ٹیکس تجاویز کا جائزہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ایسے اقدامات پر توجہ دینے کی سفارش کی ہے جن سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہو بلکہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے اور پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ نائب وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ بجٹ کے لیے ٹیکس پالیسی آفس کی تیار کردہ ٹیکس تجاویز کا جائزہ لیاگیا اور سفارشات مرتب کی گئیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

بیان کے مطابق کمیٹی نے اُن ٹیکس تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جن کا مقصد غیر رسمی شعبے (Informal Sector) کو ٹیکس نیٹ میں لانا اور ٹیکس نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہے۔ کمیٹی نے محصولات میں اضافے، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری پر ان تجاویز کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیکس پالیسی آفس کو رہنمائی فراہم کی۔ کمیٹی نے ٹیکس پالیسی آفس کو ہدایت کی کہ ایسے اقدامات پر توجہ دی جائے جو نہ صرف محصولات میں اضافہ کریں بلکہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیں، جبکہ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہریوں پر کسی اضافی بوجھ کا باعث نہ بنیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button