غیر فہرست شدہ کمپنیوں کے فزیکل شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنے کے لیے جامع فیس ریلیف پیکج کا اعلان

سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی درخواست پر موجودہ غیر فہرست شدہ کمپنیوں کے فزیکل شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنے کے لیے جامع فیس ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیس میں ریلیف کے پیکج کے تحت 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پیڈ اپ کپیٹل رکھنے والی کمپنیوں کی سالانہ فیس پہلے سال کے لیے معاف کر دی گئی ہے۔ ایس ای سی پی کے نوٹیفیکیشن کے پہلے سال کے دوران ان کمپنیوں کے لیے سکیورٹی ڈپازٹ فیس، ابتدائی کنورژن ڈپازٹ اور سکیورٹی ڈپازٹ پروسیسنگ فیس بھی معاف رہے گی۔دو کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد پیڈ اپ کیپیٹل والی کمپنیوں کو صرف سالانہ فیس ادا کرنا ہوگی جبکہ سکیورٹی ڈپازٹ اور کنورژن سے متعلق دیگر چارجز پہلے سال کے لیے معاف رہیں گے۔
یہ ریلیف ان نان لسٹڈ کمپنیوں کو لیے بھی ہے جو رضاکارانہ طور پر اپنے فزیکل شیئرز کو سینٹرل ڈیپازٹری کے ذریعے بک انٹری فارم میں تبدیل کریں گی۔ایس ای سی پی نے تمام نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت نان لسٹڈ کمپنیوں کو اپنے فزیکل شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کمپنیوں کے شیئرز کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے کمپنیوں کے شیئرز سے متعلق تمام ٹرانزیکشن کو شیئرز کی بک انٹری فارم میں منتقلی جیسے کہ بونس شیئرز کا اجراء، رائٹ شیئرز یا دیگر شیئرز کا اجراء اور شیئرز کی واپسی یعنی بائے بیک سے منسلک کر دیا گیا ہے۔کمپنیوں کے شیئرز کو ڈیجیٹل کرنے اور سینٹرل ڈیپازٹری سسٹم میں منتقل کرنے کا مقصد شیئرز کو محفوظ اور موثر بنانا ہے جبکہ اس سے کمپنیوں کی شیئر ہولڈنگ میں ہونے والے تنازعات کا بھی حل نکلے گا۔



