آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ (آج) کھیلا جائے گا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج پالی کیلے کے میدان میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم مقابلہ شام 7بجےکھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی ٹیم کے لیے عملی طور پر کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے کیونکہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اسے بڑی کامیابی درکار ہے جبکہ میزبان سری لنکا پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکا ہے۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کا انحصار نیٹ رن ریٹ پر ہے۔قومی ٹیم کو تقریباً 64 رنز سے فتح حاصل کرنا ہوگی یا اگر ہدف کا تعاقب کرے تو اسے تقریباً 13 اوورز میں مکمل کرنا ہوگا۔اوپننگ میں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب سے تیز آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔ مڈل آرڈر میں فخر زمان، شاداب خان اور دیگر آل راؤنڈرز کو بھی پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ مطلوبہ سکور حاصل کیا جا سکے۔
بولنگ میں شاہین آفریدی کی حالیہ کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے، جبکہ نسیم شاہ یا سلمان مرزا میں سے کسی ایک کو اضافی رفتار کے لیے شامل کیا جا سکتا ہے۔ موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث پچ بیٹنگ کے لیے بہتر ہو سکتی ہے، لیکن نئی گیند سے سوئنگ کا امکان موجود ہے۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم ممکنہ طور پر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے سکتی ہے تاکہ بڑے مارجن کی راہ ہموار کی جا سکے۔



