حکومت مالی نظم و ضبط کویقینی بنانے، پائیدار ترقی اور وسائل کے موثر استعمال میں پرعزم ہے ، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مالی نظم و ضبط کویقینی بنانے، پائیدار ترقی اور وسائل کے موثر استعمال میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کی قیادت میں عالمی بینک کی ٹیم سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سیکریٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے عالمی بینک کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں عالمی بینک کی مالی اور تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے مالی نظم و ضبط کویقینی بنانے، پائیدار ترقی اور وسائل کے موثر استعمال کے عزم کا اعادہ کیا۔بات چیت میں محصولات میں اضافہ، ٹیکس کی تعمیل میں بہتری اور منصفانہ ٹیکس نظام کے حوالہ سے مضبوط،فعال اور شفاف ٹیکس پالیسی فریم ورک کے قیام پر توجہ دی گئی،عالمی بینک کی ٹیم نے بجٹ سازی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی جس میں جدید طریقے اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ عوامی مالیاتی انتظام میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیا جا سکے۔ بات چیت میں قرضوں کے موثر انتظام و انصرام کے انتظامی نظام کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ مالی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے اور خطرات کو کم کیا جا سکے۔
اجلاس میں زرعی آمدنی کے ٹیکس نظام، جی ایس ٹی کے حوالہ سے صوبوں کے ساتھ ہم آہنگی اور قومی ٹیکس کونسل کے فعال کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالہ سے اقدامات کی تعریف کی اور اجلاس میں زیر بحث اہم شعبوں میں عالمی بینک کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور پاکستان کے ترقیاتی مقاصد کے حصول میں عالمی بینک کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات پر عمل درآمد کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔