چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ یکم نومبر کو شروع ہوگا،سید سلطان شاہ
چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ یکم نومبر کو شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ میر پور آزاد کشمیر میں ہونے والے تربیتی کیمپ میں 22 کھلاڑیوں کو مدعو کیاگیا ہے اور انہیں کوچز اور ٹرینر جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نے ڈومیسٹک سطح پر شاندارکارکردگی دکھانے والے22 کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لئے شارٹ لسٹ کیا تھا تاہم ان میں سے حتمی 16 رکنی ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرےہفتہ میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نےورلڈ کپ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ورلڈ کپ کے 15 میچزلاہور جبکہ 9 میچزملتان میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے لئے پی سی بی نے 3 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلئے پی بی سی سی نے قومی کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لئے بہاولپور میں پاکستان بلائنڈ سپر لیگ کاانعقاد کیاجس میں ملک بھر سے 4 ٹیموں سندھ، بلوچستان، پنجاب اورخیبر پختونخوا نے حصہ لیا۔یہ ایونٹ ورلڈکپ میں قومی کھلاڑیوں کے لئے مدد گار ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، یہ ایونٹ جون 2025 میں منعقد ہونا تھا تاہم ورلڈ کپ کی آمد کے باعث اس ایونٹ کوورلڈ کپ سے قبل منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاریاں کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ 22 نومبر سے 3 دسمبر تک لاہور اور ملتان میں منعقد کیا جائے گا جس کی افتتاحی تقریب22 نومبرکو لاہور میں ہوگی جس کی مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہونگی۔
ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم دسمبر جبکہ فائنل3 دسمبرکو معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ افغانستان،بھارت،بنگلہ دیش، سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔