قومی

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کی مرحوم نذیر ڈھوکی کے گھر آمد، اہل خانہ سے نذیر ڈھوکی کی وفات پر تعزیت کی

پاکستان کی خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے مرحوم نذیر ڈھوکی کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے نذیر ڈھوکی کی وفات پر تعزیت کی۔پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ نذیر ڈھوکی نے ساری زندگی پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کی خدمت کی۔ نذیر ڈھوکی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر تھے جنہوں نے کینسر کے مرض سے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ضلع خیرپور میں 14 جولائی کو وفات پائی۔

خاتون اول نے مرحوم کے ایصال ثواب اور جنت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان سے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ نذیر ڈھوکی کی صاحبزادیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون اول نے ایک ایسے پارٹی ورکر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جنرل ضیاء کی ڈکٹیٹر شپ میں قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں۔ ایم آرڈی کی تحریک میں نذیر ڈھوکی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ نذیر ڈھوکی پارٹی کے پرخلوص کارکن تھے جن کی بھٹو خاندان کے ساتھ وفا بے مثال تھی۔ وہ دیگر کارکنوں کے لئے عزم و ہمت اور استقامت کی مثال تھے۔ خاتون اول نے نذیر ڈھوکی کی فیملی کو یقین دلایا کہ پارٹی قیادت مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

نذیر ڈھوکی کی فیملی نے خاتون اول کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر غلام مصطفی شاہ ، میر منور تالپور، قومی اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی ، پی پی پی پی کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری اور اراکین قومی اسمبلی شہلا رضا اور مہرین بھٹو بھی خاتون اول کے ساتھ تھیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button