قومی

ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں، ہاکی ٹیم نے آج ایک بار پھر قومی کھیل کو زندہ کیا ہے، ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی قومی ہاکی ٹیم کے ارکان سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے پر پاکستان ہاکی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے آج ایک بار پھر قومی کھیل کو زندہ کیا ہے، پوری قوم ہاکی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کے ہمراہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ارکان سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی قومی ہیرو ہیں، آپ نے ایک بار پھر قومی کھیل کو پاکستان میں زندہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کھیلوں کے فروغ کے لئے بڑا فوکس ہے۔ وفاقی وزیر نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی پر پاکستان ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل پی ٹی وی سپورٹس کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل کے میچ کے لئے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں ہاکی ٹیم کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو براہ راست نشر کرنے کے لئے ہم تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں، فائنل میچ پورے پاکستان میں دیکھا جائے گا۔ ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور کوریا کے ساتھ زبردست میچ کھیلے، یہ ٹیمیں رینکنگ میں پاکستانی ٹیم سے اوپر تھیں لیکن پاکستان ہاکی ٹیم نے ان ٹیموں کے ساتھ میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہاکی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ آپ کی کامیابی پوری قوم کے ساتھ مل کر منائیں گے، ہم اپنے ہیروز کی واپسی کے منتظر ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button