قومی

کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کے 25 کروڑ عوام کل بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کے عوام کل بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دیرینہ مسئلہ ہے، کشمیر کے لوگوں نے 1931ءمیں اپنی غلامی کے خلاف آواز بلند کی تھی، قیام پاکستان کے وقت بھی کشمیری قیادت نے حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جبری الحاق کر کے کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کیا، بھارتی ظلم و ستم کے خلاف کشمیریوں کی چوتھی نسل بھی ڈٹ کر کھڑی ہے، کشمیریوں کی ہر نسل نے اپنی بہادری کی ایک نئی داستان رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت کشمیر کو قبرستان بنا دے اور سمجھے کہ امن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ مسلسل اپنے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں، پاکستان کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کل بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں اور جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک کھڑے رہیں گے۔ قبل ازیں ریلی کا آغاز دفتر خارجہ سے ہوا جو ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت نگران وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ نے کی جبکہ نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد، نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد اور سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ ریلی میں مختلف وزارتوں کے ملازمین، پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکاءنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ریلی کے شرکاءنے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے ڈی چوک پہنچنے پر سائرن بجائے گئے اور مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی کے شرکاءنے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button