قومی

‘آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات ہیں’، اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں کی نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے تجویز کردہ حل کی حمایت

اسلام آباد: نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد نے کوٹ لکھپت جیل میں اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں تجویز کردہ حل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد نے جو محمود مولوی، عمران اسماعیل اور فواد چوہدری پر مشتمل تھا ، نے آج کوٹ لکھپت جیل میں تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں سے تفصیلی ملاقات کی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ملاقات میں ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی بحران پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ، اسیر رہنماؤں نے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے تجویز کردہ حل کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات ہیں، دہشت گردی کے عفریت کے مقابلے کیلئے قوم کا متحد ہونا پہلی شرط ہے۔

فواد چوہدری کے مطابق شاہ محمود قریشی نے فیلڈ مارشل کی بین الاقوامی ڈپلومیسی کے رول کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین الاقوامی ڈپلومیسی کے ذریعے انتہای اہم مسائل کو حل کیا ہے وہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے اندر سیاسی استحکام کیلئے ڈائیلاگ کا آغاز ہو۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ان رہنماؤں نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا کہ وہ آگے بڑھنے اور معاملات کو حل کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوششوں کا ساتھ دیں تا کہ سیاسی ماحول میں کشیدگی کم ہو اور سیاسی قیدیوں کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کو علاج کی سہولت دینا اور ملاقاتوں پر پابندی کا خاتمہ ملک کے سیاسی ٹمپریچر میں خاطر خواہ کمی لائے گاـ

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button