گلگت بلتستان انتخابات میں جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں: بیرسٹر گوہر کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے 22 امیدوار میدان میں تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں، 2 نشستیں دے کر 13 کسی اور کو دے دی جائیں یہ قبول نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے خلاف ہمارا بیانیہ واضع ہے، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے ساتھ گلگت میں کیوں حکومت بنائیں گے؟
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی خبروں کی بھی تردید کردی، صحافی نے پوچھا پی ٹی آئی میں کوئی بھی مسئلہ ہو آپ سافٹ ٹارگٹ بن جاتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے؟ بیرسٹر گوہر نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد ہنس کر جواب ٹال دیا۔
بیرسٹر گوہر نے آزاد کشمیر کی 12 مہاجرین نشستوں کے مسئلے کو آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر واضح مؤقف ہے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاہم نے افواج کی قربانیوں اور کردار کو ہمیشہ سراہا ہے، پرامن احتجاج کے حامی ہیں، حقوق کےلیے احتجاج عوام کا حق ہے، ہم تشدد اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے خلاف ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا سنا ہے بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا، سمری بھیجی گئی ہے، پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے، ہم بجٹ اجلاس میں ہوں نہ ہوں وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے، لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پیٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پا رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا بجٹ اجلاس سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے، کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ کی بانی سے ملاقات ہوجائے۔
انہوں نے کہا سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے، کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ کی بانی سے ملاقات ہوجائے، وزیراعلیٰ کی پچھلی مرتبہ بھی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقاتیں 34 ہفتوں سے بند ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ کیا تاریخ میں کسی قیدی کو 34 ہفتے ملاقاتوں سے محروم رکھا گیا ہوگا، بیرسٹر گوہر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بانی سے ملاقاتیں بحال ہونے پر زور دیا۔
بیرسٹر گوہر بولے غلطیاں ہوئی ہونگی لیکن یہ کہا جائے غدار ہیں ناقابل برداشت ہے، 6 ماہ سے ہمیں نہیں معلوم بانی پی ٹی آئی کن حالات میں ہیں۔
انہوں نے کہا اڈیالہ جیل میں کسی خاص شخصیت کی ملاقات جھوٹی خبر ہے، سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ پر دھرنے کی کال صوبائی حقوق کیلئے دی ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی کال کی ہم حمایت کرتے ہیں۔
ادھر اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرادی گئی، 45 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں بانی اور بشریٰ بی بی نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔



