سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے اسلام آباد میں بی ٹو بی میچ میکنگ کا انعقاد کیا جائے گا، سردار طاہر محمود

پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے مزید فروغ کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے گوانگ زو کے اپنے دورے کے دوران گوانگ زو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جی آئی سی سی) کے ساتھ ایک سٹریٹجک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس جو کہ غیر ملکی وفود کی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں ، کے ہمراہ سردار طاہر محمود دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے چینی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سرکردہ چینی فرموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن کا مقصد تعمیرات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور رئیل سٹیٹ سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینا ہے ۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو اسلام آباد میں مدعو کیا ہے تاکہ نتیجہ خیز میٹنگز کو یقینی بنانے کے لیے معتبر پاکستانی ہم منصبوں کی پری اسکریننگ کے بعد B2B سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کوششیں سفارتی خیر سگالی کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور طویل مدتی صنعتی تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔



