وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہرکیانی سے ترکیہ کے سفیرکی ملاقات، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان نے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے طے شدہ ہدف کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خصوصی اقتصادی زونز میں ترکیہ کی سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی سے جمعہ کویہاں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی،ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ 5 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول اور بالخصوص خصوصی اقتصادی زونز میں مزید ترکیہ کی سرمایہ کاری راغب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر مملکت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں ترکیہ کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی خیرسگالی کو باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ بلال اظہر کیانی نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں ترکیہ کی کمپنیوں کی فعال شرکت اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترکیہ کی کاروباری اداروں کی دلچسپی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بحری امور اور شپ بریکنگ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اشیاء کی تجارت کے معاہدے کو مزید وسعت دینے کے لیے کوششیں دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے سیاسی سطح پر موجود خیرسگالی کو عملی اقدامات اور قابل حصول تجارتی اہداف میں تبدیل کرنے اور اس ضمن میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مزید ملاقاتیں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔



