قومی

ملائیشیا کے ہائی کمشنر کی جانب سے پاک ملائیشیا دوستی اور شراکت داری کے فروغ کیلئے استقبالیہ

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزالان نے اسلام آباد میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن میں جمعرات کو ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان، پاکستانی حکومتی عہدیداران، کاروباری شخصیات، تھنک ٹینکس کے نمائندوں اور ملائیشیا کے دوستوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ہائی کمیشن کے شراکت داروں اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران جاری دوستی، تعاون اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ اس موقع پر باہمی روابط کی تجدید اور ذاتی و پیشہ ورانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ اپنے خطاب میں سفیر نے اجتماع کو اس بات کا عکاس قرار دیا کہ ملائیشیا امن، ترقی اور خوشحالی کے ذریعے ایک بہتر دنیا کی تعمیر پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصول طویل عرصے سے ملائیشیا کی خارجہ پالیسی کی رہنمائی کررہے ہیں، بالخصوص پُرامن بقائے باہمی، مکالمے، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کیلئے ملائیشیا کا عزم اسی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک، اداروں اور معاشروں کی نمائندگی کرنے والے شرکا پر زور دیا کہ وہ نقطہ نظر اور پس منظر کے اختلافات کے باوجود باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

ہائی کمشنر نے حکومتِ پاکستان اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن اور ملائیشیائی برادری کو گرم جوشی سے میزبانی اور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستانی حکومت کے مختلف اداروں جن میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ تجارت اور وزارتِ داخلہ کے علاوہ صوبائی حکام شامل ہیں کے تعاون کو سراہا۔ ملائیشیا اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے اگست 1957 میں ملائیشیا کی آزادی کو ابتدائی طور پر تسلیم کیا تھا جبکہ 2019 میں دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر بلند کیا گیا۔ انہوں نے آزادی سے قبل کے دور سے ملائیشیا میں پاکستانیوں کی تاریخی خدمات کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ ملائیشیا میں تقریباً ایک لاکھ پاکستانیوں پر مشتمل کمیونٹی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ علاقائی تعاون کے حوالے سے سفیر نے اسلام آباد میں آسیان کمیٹی کے فعال کردار کو سراہا جو پاکستانی حکام اور متعلقہ حلقوں کے ساتھ روابط کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ سے آسیان کمیٹی کی حالیہ مشترکہ خیرسگالی ملاقات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ نومبر کے اواخر میں آسیان کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کی مجموعی معیشت تقریباً چار ٹریلین ڈالر پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے، اس تناظر میں دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہائی کمشنر نے وزٹ ملائیشیا مہم کے تحت ملائیشیا کو سیاحت، تعلیم اور کاروبار کے لیے ایک پرکشش منزل کے طور پر متعارف کرانے کا موقع بھی استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں 2027 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق ملائیشیا نے 2025 میں تقریباً چار کروڑ 20 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا جبکہ 2026 کے لیے چار کروڑ 70 لاکھ سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں سفیر نے کہا کہ ملائیشیا میں تقریباً پانچ ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جس کے باعث پاکستان بین الاقوامی طلبہ بھیجنے والے نمایاں ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید پاکستانی طلبہ کو ملائیشیا کو اپنی اعلیٰ تعلیم کے لیے ترجیحی منزل کے طور پر منتخب کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ وہاں ثقافتی مماثلت، مشترکہ اقدار اور خوشگوار ماحول طلبہ کے لیے موزوں مواقع فراہم کرتے ہیں۔

ہائی کمشنر نے حلال انڈسٹری کو بھی دوطرفہ تعاون کا ایک اہم اور امید افزا شعبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا مستحکم حلال نظام، فوڈ ٹیکنالوجی میں مہارت اور حلال مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے بین الاقوامی تجربہ پاکستان کی زراعت اور غذائی پیداوار کے شعبوں میں موجود صلاحیتوں کی تکمیل کرسکتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان شعبوں میں قریبی تعاون دونوں ممالک کی معیشتوں اور عوام کے لیے ٹھوس فوائد کا باعث بنے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button