عالمی

واشنگٹن ڈی سی کے جم میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، 4 زخمی، حملہ آور نے خود کو بھی گولی مارلی

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے ایک جم میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہو گئے، فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو قریبی اپارٹمنٹ میں گولی مارلی۔

میٹروپولیٹن پولیس کے عبوری سربراہ جے ڈبلیو کیرول نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے ساتویں منزل کے ایک فلیٹ میں خود کو بند کر لیا تھا جہاں پولیس کے مذاکرات کاروں نے اس سے بات چیت شروع کی۔

تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس کو فائرنگ کی آواز سنائی دی جس پر اہلکار اپارٹمنٹ میں داخل ہو گئے جہاں انہیں معلوم ہوا کہ ملزم نے خود کو گولی مارلی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملزم کی حالت کے حوالے سے فوری طور پر صورتحال واضح نہیں ہو سکی، تاہم ‘این بی سی’ اور ‘فوکس نیوز’ نے نامعلوم قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حملہ آور کی موت واقع ہو گئی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ حملہ آور اسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھا اور اس جم کا ممبر تھا جہاں سے اس حملے کا آغاز ہوا۔

یہ واقعہ لوگن سرکل کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے کچھ قبل پیش آیا۔ پولیس نے تاحال ملزم یا ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

پولیس چیف کے مطابق چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ تفتیش کار اس حملے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اس واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے تحرک دیکھنے میں آیا اور ٹیکٹیکل گیئر سے لیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک میل کے فاصلے پر واقع ‘لوگن سرکل’ کے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button