وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر مملکت بلال بن ثاقب کی ملاقات، نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں مؤثر اور عالمی معیار کے ریگولیٹری نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے اور نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس سمیت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وزیر اعظم نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کیلئے ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق ریگولیٹری نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی بھی ہدایت کی تاکہ افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
بلال بن ثاقب نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی آپریشنل ریگولیٹر میں منتقلی اور ریگولیٹری سینڈ باکس کے افتتاح پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ اے آئی سے چلنے والی ادائیگیوں اور ریگولیٹڈ ورچوئل اثاثوں کی خدمات جیسے شعبوں میں جدت لائی جا رہی ہے۔ اس معاشی تبدیلی کی اگلی لہر کیلئے قومی اداروں، افرادی قوت اور ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری پر کام جاری ہے۔



