وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت کا اجاگرکیا جبکہ خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیاہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کے تحت کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی کے شعبے میں اشتراک اور علاقائی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔دونوں رہنمائوں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنمائوں نے خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کی دیرینہ روایت کا مظہر ہے۔انہوں نے برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔



