پاکستان کی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے زبردستی داخل ہونے اور صحن میں قابض طاقت کا جھنڈا لہرانے کے اقدام کی مذمت

پاکستان نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے زبردستی داخل ہونے اور صحن میں قابض طاقت کا جھنڈا لہرانے کے اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔منگل کو ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ قابلِ مذمت اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ اس مقدس مقام کے تقدس اور حرمت کی بھی سنگین پامالی ہیں۔ اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیلی قبضے کے تحت موجود مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور غیر قانونی آبادکاروں کو حاصل استثنا (امپیونٹی) کا خاتمہ کیا جائے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، ان کے حقِ عبادت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، اور ایک آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔



