امریکی صدر نے محکمہ دفاع کو یوکرین کے لئے فوجی امداد بڑھانے کا ٹاسک سونپ دیا
امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی محکمہ دفاع سے کہا کہ وہ یوکرین کو امریکی ہتھیاروں اور گولہ بارود کی سپلائی کو بڑھاتا رہے۔روسی خبر رساں ادارے تاس نے وائٹ ہاؤس کی پریس سروس سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ امریکا نے حالیہ مہینوں میں یوکرین کو سینکڑوں فضائی دفاعی میزائل فراہم کئے ہیں اور مزید کی فراہمی جاری ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ صدر جو بائیڈن نے محکمہ دفاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں اضافہ جاری رکھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا یوکرین کےدفاع کو مضبوط بنانے کے لئے کام جاری رکھے گا۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے 2 دسمبر کو کہا تھا کہ جنوری 2025 کے وسط تک یوکرین حکومت کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد میں لاکھوں توپ کے گولے اور میزائل شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرسیپٹر میزائلوں کی اضافی فراہمی کا بھی منصوبہ ہے۔ پینٹاگون کے تازہ ترین اندازوں کے مطابق امریکا نے صدر جو بائیڈن کی موجودہ انتظامیہ کے آغاز کے بعد سے یوکرین کو مجموعی طور پر 63.5 بلین ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جس میں یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد فراہم کی جانے والی 62.9 بلین ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔