پی سی بی کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے طلبہ کے لیے مفت داخلے کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 30 اگست سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے طلبہ کے لیے مفت داخلے کا اعلان کیا ہے ۔ پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق سٹیڈیم میں داخلے کے لیے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونیفارم میں آئیں اور تعلیمی اداروں کے کارڈز ہمراہ لائیں ، وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز عمران خان اور جاوید میانداد (سیٹ کی دستیابی سے مشروط) اور پریمیم انکلوژرز میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات سے میچ دیکھ سکیں گے۔
یہ فیصلہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے، یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی ہے۔ طلبہ کے لیے مفت داخلے کی پالیسی کا اطلاق پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس میں نہیں ہو گا، اس سے قبل پی سی بی نے راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور پانچویں دن شائقین کے لیے مفت انٹری کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثنا شائقین دوسرے ٹیسٹ کے لیے PCB.tcs.com.pk پر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں یا ایوی ایشن گراؤنڈ میں واقع فزیکل ٹکٹ بوتھ سے، ریسکیو 1122، راول روڈ کے سامنے اور مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے بھی خرید سکتے ہیں۔
– Advertisement –
پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت عام دنوں میں پانچ سو اور ویک اینڈ پر چھ سو روپے ہو گی گیلری پاس، جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے شامل ہے، کی قیمت 2800 روپے ہے پلاٹینیم باکس، جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے بھی شامل ہے، 12,500 روپے میں دستیاب ہے۔ ایک مکمل ہاسپٹلیٹی باکس دو لاکھ روپے میں ریزرو کیا جا سکتا ہے، پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح شائقین کی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم تک رسائی میں آسانی کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی۔ روٹ ون ایوی ایشن گراؤنڈ، راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ ٹو گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔