صنعتی اور زرعی صارفین کیلئے بجلی کی اضافی کھپت پر ریلیف کم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بجلی کی اضافی کھپت پرریلیف کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نیپرا نے صنعتی اور زرعی صارفین سے اضافی بجلی کھپت کے نرخ 2 روپے 32 پیسے اضافے سے 22 روپے 98 پیسے سے بڑھاکر 25روپے 30 پیسےفی یونٹ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا نے فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا جس کے مطابق نیپرا نے اضافی کھپت پرفی یونٹ ریلیف 2 روپے 32 پیسےتک کم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی حکومت صنعتی اور زرعی صارفین کو فی یونٹ 11 سے 15 روپے تک ریلیف دے رہی ہے اور یہ ریلیف بجلی کی اضافی کھپت پر دیا جاتا ہے۔
نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہےکہ اضافی کھپت پر رعایتی ریٹ میں فی یونٹ 2.32 روپے اضافےکی منظوری دی گئی ہے جب کہ اضافی کھپت پیکج کا ریٹ 22.98 روپے سے بڑھ کر25.30 روپے فی یونٹ ہو جائےگا۔
فیصلے کے مطابق نیا ریٹ نومبر 2026 کے بلنگ مہینے سے لاگو ہوگا۔
نیپرا کا فیصلہ چیئرمین نیپرا کے کاسٹنگ ووٹ سے ہوا اور 2 اراکین نے اختلافی نوٹ لکھا، اختلافی نوٹ ممبر آمنہ احمد اور ممبر مقصود انور خان نے لکھا جب کہ اختلافی نوٹ میں 25.30 روپے فی یونٹ کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔
وفاقی حکومت نے زرعی اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی اضافی کھپت پر 3 سالہ ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے تحت زرعی صارفین 38 روپے اور صنعتی صارفین کیلئے 34 روپے فی یونٹ کی بجائے 22روپے 98 پیسے فی یونٹ پر بجلی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، یہ ریٹ صرف اور صرف پچھلے سال کے مہینے کے مقابلے میں اضافی کھپت پر تھا۔
اب اس 22 روپے 98 پیسے کو 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی اور زرعی بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف ان شعبوں میں اضافی بجلی کھپت پر بجلی ٹیرف میں 2 روپے 32 پیسے فئ یونٹ تک اضافہ تجویز ہے۔



