قومی

ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے آزربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال

ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان میں تعینات آزربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تعلقات کی بنیاد مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہے ۔

پاکستان آزربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔د ونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ،معاشی ،توانائی ،دفاع ،زراعت سمیت قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کے حوالے سے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور معیشت کی بہتری کے لئے موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔

سیدال خان نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔پارلیمانی اور ادارہ جاتی تعاون عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ملاقات میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آزربائیجان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبوں میں متواتر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے ۔

سی پیک منصوبہ جات اس علاقے کی تقدیر بدلنے میں اہم ثابت ہونگے ۔گوادر اور سی پیک کی بدولت پاکستان خطے کا معاشی و تجارتی حب ثابت ہوگا دنیا بھر کے سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی جنگ میں بہت سی جانی مالی قربانیاں دیں ہیں ۔اس خطے کے امن اور بقا کےلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے ۔

فلسطین میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف دنیا بھر کو مل کر سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں اور نہتے فلسطینیوں کی آزادی کےلئے مسلم ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ آزربائیجان کے سفیر مسٹر خضر فرہادوف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آزربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ان سے بھرپور استعفادہ کیا جائے گا ۔انہوں نے ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کاروباری شعبوں میں وفود کے تبادلوں کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button