قومی

پاکستان کو دیگر ممالک کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات کا سامنا ہے ،سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیگر ممالک کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید خطرات کا سامنا ہے ،خواتین کو بااختیار بنانا نہ صرف سماجی انصاف بلکہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے لئے بھی انتہائی اہم ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی خواتین کو بااختیار بنایا گیا تومعیشتیں زیادہ مضبوط ہوئیں ۔ جمعرات کو یہاں ایشیائی فورم برائے آبادی و ترقی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ایوان بالا آمد پر برادر ممالک کمبوڈیا، مصر، جاپان، اردن، انڈونیشیا، عراق، لاو پی ڈی آر، مالدیپ، منگولیا، نیپال، تھائی لینڈ، ویت نام اور ترکمانستان کے اراکین پارلیمنٹ اور مندوبین سے اظہار خیال میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک اور وسطی ایشیائی خطوں کے ساتھ ساتھ افریقہ کے اراکین پارلیمنٹ کا یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور مشترکہ مواقعوں سے مستفید ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی موجودگی، سبز معیشت کے فروغ، خواتین کو بااختیار بنانے اور بین العلاقائی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے اہم اقدام ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارا رابطہ اور تعاون بدلتی ہوئی دنیا کےلئےناگزیر ہے اور اس طرح کی کانفرنسز اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا باعث بنتی ہیں۔اس کانفرنس کا انعقاد موسمیاتی تبدیلی، سبز معیشت، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کا ثبوت ہے۔انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کےلئے پارلیمنٹیرینز کے ایشیائی فورم، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو کانفرنس کے انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

– Advertisement –

کانفرنس کے انعقاد سے خواتین کو بااختیار بنانے اور ماحولیاتی پائیداری کے فوری حل کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماحولیاتی اور اقتصادی پالیسیوں میں صنفی نقطہ نظر کو ضم کرنے کے لیے آپ کی لگن کی تعریف کرتا ہوں اور آپ کا کام ہمارے لوگوں کے لیے ایک پائیدار اور جامع مستقبل کی تعمیر کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو دیگر ممالک کی طرح موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شدید خطرات کا سامنا ہے اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، موسم کی بے ترتیبی اور قدرتی آفات کے اثرات خواتین اور پسماندہ طبقات کو شدید متاثر کر رہے ہیں۔خواتین کو بااختیار بنانا نہ صرف سماجی انصاف کا معاملہ ہے بلکہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے لئے بھی انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی خواتین کو بااختیار بنایا گیا، معیشتیں زیادہ مضبوط ہوئیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا تقریباً نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور درپیش چیلینجز سے نمٹنے اور معاشی پائیداری کے لیے خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ خواتین کے قائدانہ کردار ا اور جامع حکمت عملی سے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار معیشت کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ شہیدبے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ”ایسا معاشرہ جہاں خواتین پسماندہ ہوں وہ معاشرہ اپنی پوری صلاحیت تک نہیں پہنچ سکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے نا صرف قانون سازی کی بلکہ موثر اقدامات بھی اٹھائے۔ صنفی فرق کو ختم کرنا صرف ضروری نہیں بلکہ یہ ہماری ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔پاکستان کی تاریخ میں عظیم خواتین لیڈر زنے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، جسٹس عائشہ ملک،محترمہ عاصمہ جہانگیر اور حنا ربانی کھر ودیگر کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔ گورننس کی اعلیٰ سطحوں پر خواتین کی شمولیت پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سینیٹ کی سات قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی خواتین کے پاس ہے، جو خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہے۔

خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے ہمیں سبز معیشت کے شعبوں جیسے قابل تجدید توانائی، پائیدار زراعت، اور ماحولیاتی نظام میں تعلیم اور تربیت تک مساوی رسائی فراہم کرنی چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے خواتین کو صلاحیتوں اور مہارتوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے اورخواتین کی زیر قیادت گرین انٹرپرائزز میں سرمایہ کاری، جدت اور اقتصادی ترقی میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ پارلیمنٹیرینز کے طور پر ہمیں ایسے قوانین مرتب کرنے ہونگے جو صنفی مساوات اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دیتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ترقی کی رفتار کو تیزتر کرنے کےلئے حکومت، سول سوسائٹی، اور نجی شعبے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چا ہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے سامنے چیلنجز بے پناہ ہیں اور مواقع بھی اتنے ہی ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اے ایف پی پی ڈی کے رکن ممالک اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے معزز اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پارلیمنٹ کا دورہ کرنے والے وفد نے سینیٹ میوزیم،سینیٹ و قومی اسمبلی حال کا دورہ بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ سید شبلی فراز،سینیٹر ز سلیم مانڈوی والا،عبدالقادر،عرفان الحق صدیقی،شہادت اعوان،حاجی ہدایت اللہ و دیگر سمیت وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے موسمی تغیرات رومینہ عالم اور حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button