قومی

مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے ہر سطح پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا ،شاہیرہ شاہد

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ ہمیں ہر فورم پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہوگااور ان کے اوپر ڈھائے جانے والے ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانا ہوگا تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کے لوگ کن مشکل حالات میں اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ڈیجیٹل فوٹو گرافی اینڈ پینٹنگز نمائش میں کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے مزید کہا کہ 5فروری کے دن کی اہمیت سے ہم سب لوگ واقف ہیں اور ہمیں چاہیے کہ اس دن کو بھرپور طریقے سے منائیں تاکہ دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ کشمیر کے لوگوں کو کشمیر سے بے دخل کیا جائے اور وہاں ہندوئوں کو آباد کیا جائے تاکہ جب کبھی بھی ریفرنڈم ہو تو ان کو اس کے مطلوبہ نتائج میسر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر میں ہندو آباد کاری کے خلاف بھرپور آواز اٹھانا ہوگی تاکہ بھارت اپنے ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو ۔یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز ثمینہ فرزین شیخ نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہم ہر سطح اور ہر فورم پر ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔تقریب میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے جانب سے کشمیر کے بارے میں تیار کردہ ملی نغمہ اور آزاد جموں کشمیر کونسل کی تیار کردہ دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر سکول کے طالب علموں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر بھی کیں ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button