ٹاپ نیوز

وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ایز سہولت سینٹر کے قیام کی منظوری دے دی ، ایس ایم ایزکی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ایزسہولت سینٹر کے قیام کی منظوری دی ہےاور ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے، جلد خراب ہونے والی اشیاء کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ سٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنےکی ہدایت کی ہے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نےملاقات کی،ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کی پیشرفت اور ان کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملاقات کا سب سے اہم مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کے لیے، ایکسپورٹ میں آسانی پیدا کرنا ہے، اس ضمن میں عوام میں کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے تمام اقدامات لیے جائیں۔انہوں نےڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹر کی منظوری دی۔ ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان سہولت سینٹرز کی کامیابی کے بعد ان کو بتدریج تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں

کو کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ سٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ فائنانس سکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کیلئے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مختص کردہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے مخصوص ہوگی۔ اس ضمن میں ایگزم بینک نے سرکلر کر دیا ہے۔ پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور سمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دی ہے۔وفد کے شرکا نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔وفد کے شرکا نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے وفد کی جانب سے دی گئی قابل عمل تجاویز پر غور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جو ان پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

ملاقات کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئےصدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور علی حسام اصغر نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کی جانب سے جس نوعیت کی کوششیں دیکھنے میں آئی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، وزیراعظم کا واضح موقف ہے کہ ایس ایم ایز کو درپیش ہر مسئلہ حل کیا جائے، خواہ اس کا تعلق صوبائی سطح سے ہو، ضلعی سطح سے یا برآمدات کے شعبے سے ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایس ایم ایز کے لیے ایک جامع اور مضبوط ایکو سسٹم تشکیل دے رہے ہیں جس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)، صوبائی حکومتیں اور وفاقی حکومت مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں گی۔ اس نظام کے تحت کاروباری شعبے میں جدت، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال اور مالی وسائل تک رسائی جیسے اہم معاملات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا بنیادی مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے اور یہ مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دیے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا، ایس ایم ایز ملکی معیشت میں روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل حل کرنا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے اور وہ وزیراعظم کے اس وژن اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر بھی وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایس ایم ایز کے لیے ون ونڈو سہولت مرکز قائم کرنے جا رہا ہے جہاں کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل اور ضروری رہنمائی کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی پوری کوشش ہوگی کہ میڈ ان پاکستان مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے، ان کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹنگ اور برآمدات میں اضافے کے لیے موثر کردار ادا کیا جائے۔ ایکسپورٹر ندیم عالم اور ڈائریکٹر ہیمانی گروپ آف کمپنیز علی عباس کھاکھو نے وزیراعظم سے ملاقات کو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کاروباری برادری کے نمائندوں کے تمام اہم نکات اور تجاویز کو نہایت توجہ سے سنا۔ انہوں نے فوری طور پر بعض معاملات پر اقدامات کیے اور متعلقہ وزارتوں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔کاروباری برادری اس بات پر خوش ہے کہ حکومت ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ان پر باقاعدہ غور کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، یہ ایک مثبت پیش رفت ہے کہ حکومت نجی شعبے کے نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دے رہی ہے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ میڈ ان پاکستان مصنوعات کو دنیا بھر کی منڈیوں تک پہنچایا جائے۔

اس مقصد کے لیے مقامی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر، مارکیٹنگ اور برآمدات کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی تاکہ پاکستان کی مصنوعات عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا سکیں، ملک کی شناخت مزید مستحکم ہو اور قومی برآمدات میں اضافہ ہو۔صدر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ خاور حسین سیال نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے برآمدات اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں، کاروباری شخصیات نے وزیراعظم کے سامنے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان تجاویز پر بروقت فیصلوں سے برآمدات کے فروغ اور کاروباری شعبے کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ایز اور برآمدات کے شعبوں پر خصوصی توجہ ایک اہم اقدام ہے۔ حکومت اور اس کی ٹیم کی مسلسل کوششوں سے کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہوگا۔سی ای او ٹریڈنگ ورلڈ اسفندیار مندوخیل نے وزیراعظم سے ملاقات کو تعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کے سامنے بلوچستان کے ضلع ژوب میں صنعتی اسٹیٹ کے قیام کی ضرورت اجاگر کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس صنعتی اسٹیٹ سے گوشت، اون، زیتون، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور علاقے کے دستیاب وسائل کو معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ صنعتی اسٹیٹ کے قیام سے نہ صرف مختلف پیداواری شعبوں کو ترقی ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار اور ذرائع معاش کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ بلوچستان میں لوگوں کے معاشی حالات اور ذرائع معاش کو بہتر بنایا جائے کیونکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی مواقع کی فراہمی سے سکیورٹی صورتحال میں بہتری لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ریمبو انڈسٹریز کے محمد عاصم شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کو نہایت خوشگوار اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے مختلف کاروباری انجمنوں اور نجی شعبے سے وابستہ افراد نے اپنے اپنے شعبوں کے مسائل اور تجاویز حکومت کے سامنے پیش کیں، امید ہے کہ اس مشاورتی عمل کے نتیجے میں پیش کی گئی تجاویز پر فیصلے ہوں گے اور ان پر عمل درآمد سے مقامی صنعت، ایس ایم ایز، برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔کاروباری شخصیات نے مجموعی طور پر اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں، متعلقہ ادارے اور نجی شعبہ مل کر ایس ایم ایز کو درپیش مسائل کے حل، مالی وسائل تک رسائی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مقامی مصنوعات کی تیاری اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مربوط اقدامات کریں گے،اس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک میں صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button