میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار

برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کو امریکی ریاست فلوریڈا میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 82 سالہ تھامس مارکل کے لاس اینجلس میں 2 اسٹوریج یونٹس سے تقریباً 78 اشیا قبضے میں لی گئیں جن میں سلائیڈز، فلم نیگیٹوز اور کتابیں شامل ہیں، حکام کے مطابق ان میں کم عمر لڑکیوں کی قابل اعتراض تصاویر بھی موجود تھیں.
تھامس مارکل کے بیٹے تھامس جونیئر نے اس سے قبل فلپائن میں اپنے والد کے گھر سے ایسی تصاویر ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکام کو اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب تھامس مارکل نے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کے الزامات سے انہیں صدمہ پہنچا ہے، ان کا کہنا تھا کہ 2025 میں میکسیکو چھوڑنے کے بعد کمپیوٹر کا سامان ان کے قبضے میں نہیں رہا۔
میگھن مارکل نے اکتوبر میں اس معاملے پر شدید صدمے اور پریشانی کا اظہار کیا تھا، ایف بی آئی نے بھی الزامات سے آگاہ ہونے اور تحقیقات میں معاونت کی تصدیق کی تھی۔
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی سابقہ رہائش گاہ سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کا ذخیرہ ملا ہے۔
میگھن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے والد سے فاصلہ اختیار کیا۔



