قومی

صحت کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، صحت مند آبادی ہی مضبوط معیشت، فعال افرادی قوت اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ کانفرس کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، نامور طبی ماہرین، محققین اور شعبہ صحت سے وابستہ شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو باصلاحیت ڈاکٹرز، ماہر طبی عملے اور مستند طبی اداروں کی ایک قابل فخر روایت حاصل ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صحت کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، صحت مند آبادی ہی مضبوط معیشت، فعال افرادی قوت اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے کو مضبوط اور موثر بنانا ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے، طبی انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید آلات کی فراہمی اور سپیشلائزڈ علاج تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کا حصول صرف بڑے شہروں کے عوام تک محدود نہیں ہونا چاہیے، خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں عوام کو یکساں اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ میڈیکل کالجز، تدریسی ہسپتالوں اور طبی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، طبی تحقیق، اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی جبکہ نوجوان ڈاکٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں نکھارنے اور عوام کی خدمت کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی، نقل مکانی اور طویل بدامنی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کیا ہے، بدامنی اور نقل مکانی کے باعث صوبے میں صحت سمیت بنیادی عوامی خدمات کے نظام پر اضافی دباؤ پڑا ہے، ہمارے عوام ایک ایسے صحت کے نظام کے مستحق ہیں جو انہیں عزت، احساس اور ذمہ داری کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز جیسی پیشہ ورانہ تنظیمیں صحت کے شعبے کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، طبی تحقیق، علمی اشتراک اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے طبی خدمات کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، ایسی بین الاقوامی کانفرنسز مقامی طبی ماہرین کو جدید رجحانات اور عالمی تجربات سے روشناس کرانے کا موثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طبی تجربات اور جدید طریقہ علاج سے استفادہ کرکے صوبے کے صحت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائف ٹائم اچیومنٹ اور اعزازی فیلوشپ ایوارڈز طبی شعبے میں طویل خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور انسانیت کی خدمت کا اعتراف ہیں، تمام ایوارڈ یافتگان کو ان کی نمایاں پیشہ ورانہ خدمات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر طبی ماہرین کا تجربہ اور پیشہ ورانہ خدمات نوجوان نسل کے لیے قابل تقلید مثال ہیں، نوجوان ڈاکٹرز طبی اخلاقیات کے اعلیٰ اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں، طبی برادری کی جانب سے صحت کی سہولیات اور طبی تعلیم کے فروغ کے لیے مثبت تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے، طبی تعلیم، سپیشلائزڈ علاج اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، ہم ایک بدلتااور مضبوط خیبرپختونخوا چاہتے ہیں، مضبوط اور معیاری نظام صحت، بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا کے خواب کی تعبیر کا لازمی جزو ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکسیلوفیشل سرجنز کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button