عاطف اکرام شیخ کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر منتخب

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی اے سی سی آئی) کے نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کا انتخاب پاکستان کی کاروباری برادری کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی اور اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔عاطف اکرام شیخ سال 2027-28 کے لیے ایشیا پیسیفک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کے انتخاب کو عالمی تجارتی و کاروباری حلقوں میں پاکستان کے مؤثر تشخص اور کاروباری برادری کے وقار میں اضافے کا اہم ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔صدر سی اے سی سی آئی پیٹر میک مولن نے عاطف اکرام شیخ کی کاروباری اور تنظیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کاروباری رہنماؤں نے عاطف اکرام شیخ کو عالمی سطح پر اہم عہدے پر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک چیمبر کا نائب صدر منتخب ہونا ان کے لیے اعزاز اور پاکستان کی کاروباری برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ وہ عالمی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری کے مسائل، ترجیحات اور مفادات کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں پاکستان کے تجارتی تعلقات اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان کی معیشت، تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے عالمی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا، تاکہ پاکستانی کاروباری برادری کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آسکیں۔



