’ہمارے پاس وقت ختم ہوچکا ہے‘، 20 سالہ خاتون پائلٹ کی ائیر ٹریفک کنٹرول کو ’مے ڈے کال‘ وائرل

یکم نومبر کو امریکی ریاست فلوریڈا میں گر کر تباہ ہونے والے لیرجیٹ 60 طیارے کی 20 سالہ کو پائلٹ نتھالیا فیلگیراس کی ائیر ٹریفک کنٹرول کے ساتھ ہونے والی آخری گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
اس حادثے کے آخری لمحات میں جب طیارہ انتہائی تیزی سے نیچے گر رہا تھا تب نتھالیا نے شدید خوف اور دباؤ کے باوجود آخری سیکنڈ تک کنٹرولرز کو طیارے کی صورتحال سے باخبر رکھا۔
حادثے سے قبل نتھالیا نے ہنگامی صورتحال میں ائیرٹریفک کنٹرولر کو بتایا کہ ’ہمارے پاس ہلکی اور صاف برف جم رہی ہے جو کہ فی الحال قابو میں ہے اور درمیانے درجے کی ہلچل ہے‘۔
اس کے بعد کو پائلٹ نے موسم کی شدت سے بچنے کے لیے بلندی پر جانے کی اجازت مانگی لیکن 30 سیکنڈ میں طیارہ اچانک بے قابو ہوکر نیچے گرنے لگا۔
نتھالیا نے گھبرائے ہوئے انداز میں کہا کہ مے ڈے، مے ڈے! ہم 10 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے جا رہے ہیں! ہنگامی صورتحال کا اعلان کریں‘۔
اس کے بعد نتھالیا نے ائیر ٹریفک کنٹرول سے کہاکہ ’ہم 22 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے گررہے ہیں اور طیارہ 60 ڈگری تک مڑ چکا ہے۔ ہم زمین سے ٹکرانے والے ہیں‘۔
اس کے ساتھ ہی نتھالیا نے آخری الفاظ کہے ’باہر دیکھو! باہر دیکھو! ۔۔۔ ہمارے پاس وقت ختم ہو چکا ہے‘ جس کے فوراً بعد ایک چیخ سنائی دیتی ہے اور رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔
یہ نجی طیارہ آسٹن، ٹیکساس سے بہاماس جا رہا تھا کہ فلوریڈا کے اوپر ایک شدید طوفان اور برفباری کی زد میں آگیا۔
بلیک باکس اور ریکارڈنگز کے مطابق، طیارے کا پچھلا حصہ ٹوٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جہاز عمودی رخ میں زمین کی طرف گرا۔
اس حادثے میں نتھالیا اور کپتان سمیت جہاز پر سوار تمام 9 افراد ہلاک ہو گئے، ہوابازی کے ماہرین نے موت سامنے نظر آتے ہوئے بھی فرض نبھانے اور کنٹرولرز کو ڈیٹا دینے پر نتھالیا کی بہادری کو سراہا ہے۔



