کاروباری

سٹیٹ بینک نے اوپن بینکاری ضوابط کا مسودہ عوامی مشاورت کے لیے جاری کر دیا

بینک دولت پاکستان نے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ، جدت طرازی اور مسابقت بڑھانے کے لیے اوپن بینکاری ضوابط کا مسودہ عوامی مشاورت کے لیے جاری کر دیا ہے جس کے تحت صارفین کو اپنے مالیاتی ڈیٹا کے تبادلے اور کاروباری ادائیگیوں کے حوالے سے زیادہ اختیار اور کنٹرول حاصل ہوگا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مجوزہ ضوابط کے تحت صارفین مجاز تھرڈ پارٹی پرووائیڈرز ٹی پی پیز کے ذریعے اپنی مرضی سے محفوظ انداز میں مالیاتی ڈیٹا کا تبادلہ اور کاروباری ادائیگیاں کر سکیں گے۔ اس اقدام سے کاروبار سے کاروبار اور صارفین سے کاروبار ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے میں سہولت ملے گی۔ مجوزہ فریم ورک کے تحت مالیاتی ڈیٹا کے رضاکارانہ تبادلے سے قرضوں کی جانچ کے نظام کو بہتر بنانے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی قرضوں تک رسائی بڑھانے اور صارفین کی ضروریات کے مطابق مالیاتی مصنوعات اور خدمات کی تیاری میں مدد ملے گی۔ اعلامیہ کے مطابق اوپن بینکاری ضوابط کا مسودہ بین الاقوامی بہترین طریقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے جبکہ اس میں سٹیٹ بینک کے اوپن بینکاری سے متعلق ضوابطی سینڈ باکس کے پہلے گروپ کے حالیہ نتائج سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ ضوابط میں ڈیٹا کے تحفظ، رازداری، سائبر سکیورٹی، دھوکہ دہی کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جامع حفاظتی انتظامات شامل کیے گئے ہیں۔ یہ اقدام سٹیٹ بینک کے اس تذویراتی ہدف سے بھی ہم آہنگ ہے جس کا مقصد زیادہ مربوط، شمولیتی اور موثر مالیاتی نظام کے ذریعے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو فروغ دینا ہے۔ سٹیٹ بینک نے عوامی مشاورت کے تحت مالیاتی اداروں، فن ٹیک کمپنیوں، ٹیکنالوجی فراہم کنندگان، صارفین کے نمائندہ گروپس، تعلیمی اداروں اور عوام سے مجوزہ ضوابط پر آراء طلب کی ہیں تاکہ فریم ورک کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں تجاویز اور آراء 30 نومبر 2026ء تک ای میل ایڈریس psdpolicy@sbp.org.pk پر اوپن بینکاری ضوابط کے مسودے پر رائے کے عنوان سے ارسال کی جا سکتی ہیں۔ آراء بذریعہ ڈاک شعبہ نظام ادائیگی پالیسی و نگرانی، چوتھی منزل، ایس بی پی بلڈنگ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی کے پتے پر بھی بھجوائی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button