سیکرٹری پاور ڈویژن کی زیرصدارت اجلاس، سرکاری بجلی کنکشنز پر ڈسکوز کے اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے زیرِ ملکیت بجلی کنکشنز پر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر ( اے ایم آئی)میٹرز کی تنصیب بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے سرکاری عمارتوں اور دیگر تنصیبات پر موجود روایتی بجلی میٹرز کی جگہ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد بجلی کی بلنگ میں شفافیت یقینی بنانا اور سرکاری اداروں کے ذمہ واجب الادبجلی کے بلوں سے متعلق طویل عرصے سے موجود مفاہمتی اور تصفیاتی مسائل کو حل کرنا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ستمبر 2026 کے اختتام تک سرکاری بجلی کنکشنز میں سے 90 فیصد کو اے ایم آئی میٹرز پر منتقل کر دیا جائے گا۔سیکرٹری پاور ڈویژن نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر سرکاری بجلی میٹرز کی 100 فیصد اے ایم آئی میٹرز سے تبدیلی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔



