کھیلوں کی دنیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے میچ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے میچ کے موقع پر پنجاب پولیس نے قذافی سٹیڈیم لاہور، ٹیموں کی قیام گاہوں، روٹس اور دیگر اہم مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، شائقین کرکٹ اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے اور تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے موثر بنایا جائے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میچ کی سکیورٹی کےلئے ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز سمیت 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو سٹیڈیم، ٹیموں کی رہائش گاہوں، روٹس اور دیگر اہم مقامات پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ہدایت کی ہے کہ ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹیموں کے روٹس، قیام گاہوں اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میچ کے دوران ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پیرو) اور ایلیٹ فورس کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو میچ سے قبل تمام سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا خود جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ٹیموں کی قیام گاہوں، سفری روٹس اور سٹیڈیم کے گردونواح میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ٹیموں کے روٹس، بلند عمارتوں، سٹیڈیم اور حساس مقامات پر سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے تمام پولیس افسران اور جوانوں کو الرٹ رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شائقین کو تین درجاتی سکیورٹی حصار اور جامع چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کو شہریوں اور شائقین کرکٹ کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button