آل پاکستان والی بال ٹورنامنٹ، لودھی آباد سٹارز نے سجی کوٹ کلب کو دو صفر سے شکست دیدی

آل پاکستان والی بال ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں لودھی آباد سٹارز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سجی کوٹ والی بال کلب کو 2-0 سے شکست دیدی۔ میچ کے دوران یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سجی کوٹ والی بال کلب کی ٹیم مقررہ وقت سے تقریباً تین گھنٹے تاخیر سے گراؤنڈ پہنچی جس کے باعث شائقین والی بال کو شدید پریشانی اور طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
لودھی آباد سٹارز کے کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی جارحانہ اور پیشہ ورانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو کسی بھی مرحلہ پر میچ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔ شائقین نے لودھی آباد سٹارز کی بہترین کارکردگی کو خوب سراہا۔
دوسری جانب ٹورنامنٹ انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص حکمتِ عملی بھی کھل کر سامنے آ گئی کیونکہ انتظامیہ میچز کو مقررہ وقت پر شروع کروانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دی۔
ناقص انتظامات کے باعث گراؤنڈ میں موجود شائقین کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جس پر لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ شائقین والی بال نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ میچز میں وقت کی پابندی، بہتر انتظامات اور سپورٹس مین اسپرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کھیل کا حسن برقرار رہے اور تماشائیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



