تعلیمی سرگرمیاںقومی

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کل نیشنل بک فاؤنڈیشن میں قائم قومی بک میوزیم کا افتتاح کریں گے

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کل پیر (18 مئی) کو نیشنل بک فاؤنڈیشن میں قائم قومی بک میوزیم کا افتتاح کریں گے۔قومی بک میوزیم پاکستان کا اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہےجو خصوصی طور پر کتابی ثقافت کے فروغ اور ملک کے ادبی و فکری ورثے کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ثقافتی منصوبے کا مقصد قارئین، محققین، طلبہ اور ادب سے محبت کرنے والوں کو ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ فراہم کرنا ہے۔

میوزیم میں قرآن پاک کے نایاب اور قدیم نسخے، اسلامی خطاطی کے شاہکار اور قومی ادبی و تاریخی شخصیات کی زندگی اور خدمات پر مبنی خصوصی گوشے قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کی علاقائی زبانوں اور ادبی روایات کو بھی نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔میوزیم کی نمایاں توجہ کا مرکز عظیم شخصیات کے سنہری مجسمے ہیں جن میں علامہ محمد اقبال، محمد علی جناح، فیض احمد فیض، حفیظ جالندھری، احمد ندیم قاسمی اور سعادت حسن منٹو شامل ہیں۔

میوزیم میں کتابوں سے لدے ننھے ٹرک ،ایک خوبصورت چھوٹی ریل گاڑی، قرآنی آیات کے فریم شدہ صفحات اور “پلر آف آٹوگراف” جیسے منفرد اور تخلیقی نمونے بھی رکھے گئے ہیں تاکہ زائرین کو علم و ادب کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔مزید برآں کتابوں سے تیار کردہ خصوصی دفتری میز اور دنیا بھر کے دانشمندانہ اقوال پر مشتمل فنکارانہ تنصیبات بھی میوزیم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد سیکھنے، مطالعے اور ثقافتی شعور کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button