حکومت اسلام آباد آئی ٹی پارک کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی دارالحکومت کو آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں علاقائی جدت طرازی کا مرکز بنایاجارہاہے، وفاقی وزیر منصوبہ بند احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں علاقائی جدت طرازی کا مرکز بنایاجارہاہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک میں جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبے کی پیشرفت کے جائزے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ خواجہ، وزارت منصوبہ بندی اور آئی ٹی کے سینئر حکام اور جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون سمیت کورین سفارتخانے کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔ پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے وژن پر زور دیا، جس کا مقصد اسلام آباد کو آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں علاقائی جدت طرازی کا مرکز بنانا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد رکھنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے جامع اور مربوط ترقیاتی حکمت عملی اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں بتایاگیاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک 66,893 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس میں دو تہہ خانے، ایک گراونڈ فلور اور نو اضافی منزلیں ہیں۔ یہ منصوبہ کوریا کے اقتصادی ترقیاتی معاونت کے فنڈ اور پاکستان کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے درمیان مالی تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔
اس 88.384 ملین ڈالر کی لاگت کے منصوبے میں 76.310 ملین ڈالر کا قرضہ کورین ایگزم بینک فراہم کر رہا ہے جبکہ باقی 12.476 ملین ڈالر حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کئے گئے ہیں۔اجلاس کوبتایاگیاکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی، جو پاکستان کو عالمی آئی ٹی صنعت میں مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔
پارک میں 120 آفس اسپیسز، اسٹارٹ اپس کے لیے 15 دفاتر پر مشتمل انکیوبیشن سنٹر، بزنس سپورٹ سینٹر، صنعت-اکیڈمی رابطہ مرکز، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹائر III ڈیٹا سینٹر، R&D آئی ٹی لیبز، آڈیٹوریم اور ورچوئل کلاس رومز شامل ہیں جو تحقیق اور تربیت کے فروغ میں معاون ہوں گے۔پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون نے پاکستان کے ساتھ اس تاریخی منصوبے پر قریبی تعاون کے لئے کوریا کے عزم کا اعادہ کیا اور آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع پیدا کرنے میں شراکت داری کے فروغ پر کوریا کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
پروفیسر احسن اقبال نے ٹیکسلا میں گندھارا آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کی تجویز دی، جس کا مقصد تعلیم اور جدت کے فروغ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اس منصوبے کے تحت یونیورسٹی کے لیے زمین فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور کوریا کی ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے کو پاکستان میں موجودگی قائم کرنے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ یہ اقدام گندھارا کے قدیم ورثہ کو محفوظ رکھتے ہوئے ٹیکسلا کو ایک جدید تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کی کاوش ہے، جو خطے میں تعلیمی فضیلت کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔