وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا خصوصی اجلاس ، 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی اور بلتستان و قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی اور بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا بشمول سابق فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی کابینہ کا خصوصی اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ضلع غذر کے گائوں بوبر میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی طور پر تعمیر شدہ مکانوں کی بروقت تکمیل اور اس کے گھروں کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بوبر گائوں میں نئے تیار شدہ گھروں کو دیکھ بے حد خوشی ہوئی۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو ضلع غذر میں تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ بجلی کی فی الفور فراہمی اور بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کی طرز پر گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے دانش سکول متعارف کر رہے ہیں،
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم کو تحفتاً 1 ارب روپے دیئے تھے۔گلگت بلتستان کے تمام شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ معاشی استحکام میں وفاقی حکومت کے ساتھ تمام صوبوں کا تعاون انتہائی اہم رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج 92 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر چکا ہے، ملکی ترسیلات زر، ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، ملکی ترقی کے سفر میں تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا تعاون کلیدی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا سابق فاٹا کے ضم اضلاع اور بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر ہماری توجہ پوری طرح مرکوز ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری کے لیے قطری سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔