ٹاپ نیوز

وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری کا دورہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری کا دورہ کیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قطر میوزیم میں پاکستانی فن پاروں پر مبنی منظر آرٹ گیلری کا قیام دونوں ممالک کے درمیان سماجی اور بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفود اور دو طرفہ ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک کا سفر طے کیا۔

امیر قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بذات خود پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر” کا دورہ کرایا،دونوں ممالک کے راہنمائوں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی، امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ اور قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں وزیراعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور نمائش کے منتظمین اور پاکستانی فنکاروں سے تعارف کرایا۔ وزیراعظم نے امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کا منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے، قطر میوزیم میں پاکستانی فن پاروں پر مبنی منظر آرٹ گیلری کا قیام قطر اور پاکستان کے درمیان سماجی اور بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے دورے میں معروف پاکستانی معمار نئیر علی دادا، پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافر، خطاط اور دیگر فن کاروں سے ملاقات کی ۔ نمائش میں 1940 سے لے کر اب تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔ نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نئیر علی دادا اور متعدد پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button