عالمی

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل اور ترک وزیر خارجہ کی ملاقات، غزہ بحران پر تبادلہ خیال

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیث نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات میں غزہ بحران پر تبادلہ خیال کیا ۔اردو نیوز کے مطابق سیکرٹری جنرل کے ترجمان جمال رشدی نے بتایا کہ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیث نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات سے خطے کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور دیگر معاملات میں عرب لیگ اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

اس موقع پر اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور خاص طور پر غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران فلسطینی کاز کے حوالہ سے پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے باشندوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دے جو اسرائیلی حملوں کی زد میں روزانہ مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے فوری جنگ بندی، فوری امداد کی فراہمی اور دوریاستی حل پر عمل درآمد کےلیے قابل اعتماد راستے پر بھی زور دیا۔عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے فلسطینیوں کی حمایت میں بین الاقوامی فورم میں ترکیہ کے اصولی اور دوٹوک موقف کی تعریف کی۔فریقین نے شام، لیبیا اور سوڈان کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button