ملتان میں انڈر 19 سکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کا انعقاد، کھلاڑیوں کی بھرپور مشقیں جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے زیر اہتمام ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں انڈر 19 سکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کامیابی سے جاری ہے، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق کیمپ کے دوران پاکستان کرکٹ کے تجربہ کار کوچز کی دیکھ بھال میں کھلاڑیوں کو جدید تکنیک کی تربیت دی جا رہی ہے۔ ہیڈ کوچ شاہد انور نے نیٹ سیشن کے دوران بیٹرز کے ساتھ خصوصی سیشن کروایا، جس میں انہوں نے نوجوان بیٹرز کی تکنیک، شاٹ سلیکشن اور غلطیوں کی اصلاح پر خاص توجہ دی۔ فاسٹ بولنگ کوچ راؤ افتخار انجم نے فاسٹ بولرز کو ان کی بولنگ سکلز اور پیس نکھارنے کی مشقیں کروائیں۔سپن بولنگ کوچ زوہیب خان نے سپنرز کے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں کھلاڑیوں کو فلائٹ، ویری ایشن اور لائن و لینتھ بہتر بنانے کی تربیت دی گئی۔ کھلاڑیوں نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں فیلڈنگ کوچ ہمایوں فرحت کی نگرانی میں سخت فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا۔اس کیمپ کا بنیادی مقصد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تمام شعبوں میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانا اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انڈر 19 سکلز ڈیولپمنٹ کیمپ اگست کے آخری ہفتے تک جاری رہے گا۔



