’’اپنا گھر سکیم‘‘ وزیر اعظم کا شاندار اقدام ہے جو متعلقہ شعبوں میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گی، سردار طاہر محمود

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ’’اپنا گھر سکیم (گھر ہو تو اپنا)‘‘ کے اجراء کو انتہائی قابل تعریف اقدام قرار دیتے ہوئے اسے تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں کی ترقی کے لیے نمایاں پیش رفت قرار دیا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود جو اس وقت دوطرفہ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے چین میں ہیں، نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ سکیم عام شہری کے لیے گھر کی ملکیت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاس ہے جو متعدد متعلقہ شعبوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی متحرک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مجموعی طور پر معیشت کو تقویت ملے گی۔سردار طاہر محمود نے اپنے بیان میں ان اقدامات کو کاروباری برادری اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی ان حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا کہ جن کا مقصد اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور ہاؤسنگ کی ترقی کو فروغ دینا اور کاروباری برادری کے خدشات کو مؤثر طریقے سے دور کرنا ہے ۔



