کھیلوں کی دنیا

اولمپک میراتھن چیمپئن پیریز جیپچیرچیرپر ڈوپنگ کے جرم میں ملوث پائے جانے پر 3 سالہ پابندی عائد

کینیا کی نامور ایتھلیٹ اور اولمپک میراتھن چیمپئن پیریز جیپچیرچیر پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے اعتراف کے بعد 3 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق پیریز جیپچیرچیر کی معطلی اکتوبر 2029 تک جاری رہے گی، جس کے باعث وہ 2027 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔33 سالہ پیریز جیپچیرچیر نے ٹوکیو 2020 اولمپکس میں میراتھن کا طلائی تمغہ جیتا تھا جبکہ وہ گزشتہ سال عالمی میراتھن چیمپئن بھی بنی تھیں۔ ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ کے مطابق ان کے نمونے میں ممنوعہ دوا ای پی او کی موجودگی سامنے آئی تھی، جس کے بعد 20 اکتوبر کو انہیں عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ادارے کے مطابق ایتھلیٹ نے ممنوعہ مادے کی موجودگی اور استعمال سے متعلق ڈوپنگ قوانین کی 2 خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا، جس کے باعث ان کی پابندی میں ایک سال کی کمی کی گئی۔ انہوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق بھی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیریز جیپچیرچیر کے جولائی 2026 سے حاصل کردہ تمام مسابقتی نتائج منسوخ کردیے گئے ہیں، جن میں سڈنی میراتھن کی کامیابی بھی شامل ہے۔ وہ 2021 میں نیویارک، 2022 میں بوسٹن اور 2024 میں لندن میراتھن بھی جیت چکی ہیں۔دوسری جانب کینیا کی ورونیکا لولیئو کو بھی ای پی او کے استعمال اور ممنوعہ مادے کی موجودگی پر 3 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ رونالڈ کوریر کو ایتھلیٹ بائیولوجیکل پاسپورٹ میں بے ضابطگیوں کی وضاحت نہ کرنے پر 6 سال کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ بریٹ کلاتھیئر نے کہا ہے کہ کینیا کی حکومت نے ڈوپنگ کے خلاف اقدامات مزید سخت کرنے اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button