بچوں کا عالمی دن ہمیں ان کے حقوق، تحفظ اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے،سینیٹر روبینہ خالد

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نےکہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں ان کے حقوق، تحفظ اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو غربت، غذائی قلت، تشدد اور ہر قسم کے استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری درحقیقت ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کی معاونت کے ذریعے بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر پرورش میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب ایسا پاکستان تھا جہاں ہر بچے کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ کوئی بچہ غربت کے باعث تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق سے محروم نہ رہے،بچوں کے حقوق کا تحفظ مہذب، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔



