ٹاپ نیوز

بچے خوشحال، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ،انہیں محفوظ، صحت مند، تعلیم یافتہ اور باوقار مستقبل فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بچوں کو محفوظ، صحت مند، تعلیم یافتہ اور باوقار مستقبل فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، بچے خوشحال، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق عالمی یومِ اطفال کے موقع پر پیغام میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ، معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور مساوی مواقع کی فراہمی قومی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تشدد، استحصال، امتیاز اور محرومی سے پاک ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بچوں پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے، پارلیمان، حکومتی اداروں اور معاشرے کو بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ ان دنوں تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں سیو دی چلڈرن کے زیر اہتمام “From Policy to Budget: Government Lessons on Investing in Children” کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں جس میں بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور تحفظ کے لیے پالیسی وعدوں کو مؤثر بجٹ اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنے بارے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لیے سازگار پالیسیوں کے فروغ، پارلیمانی نگرانی کے مؤثر نظام اور قومی ترقی کے عمل میں بچوں کی ضروریات کو مرکزی حیثیت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ عالمی یومِ اطفال کے موقع پر چیئرمین سینیٹ نے تمام متعلقہ اداروں اور معاشرے کے مختلف طبقات پر زور دیا کہ وہ ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر بچے کو تحفظ، تعلیم، ترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button