وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کوہاٹ میں دہشت گردی کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کوہاٹ میں دہشت گردی کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شہداء کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنے لہو سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے امن و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی، مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس المناک سانحے پر شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔



