پاکستان کیخلاف برتری حاصل ہے لیکن ایجبسٹن ٹیسٹ میں مقابلہ آسان نہیں ہوگا،کپتان انگلش ٹیم

انگلش ٹیسٹ ٹیم کےکپتان جوروٹ کا کہنا ہےکہ ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔
برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے ٹھیک ایک دن پہلے انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ تمام توجہ کا محور اگلے پانچ دن ہوں گے، جہاں ہم بڑا اسکور بنا کر اچھی کرکٹ کھیلنےکی خواہش کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیں گے، ایجبسٹن میں نیا میدان نئی گیند اور نیا میچ ہوگا۔
35 سال کے جوروٹ جنہوں نے 168 ٹیسٹ میچوں میں 50.03 کی اوسط سے 14208 رنز 41 سنچریوں کی مدد سے بنا رکھے ہیں، نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ پاکستان ایک کمزور اور آسان ٹیم ہے۔
دائیں ہاتھ کے بیٹرکا کہنا تھا کہ بہت آسان ہےکہ آپ کسی کو بہت خراب اور کسی کو بہت اچھا کہہ دیں۔کھیل میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، پاکستان ٹیم کے خلاف برتری حاصل ہے لیکن ان کے پاس مقابلےکے لیے اچھی ٹیم ہے، محمد عباس نے لارڈز پر 5 آؤٹ کیے، سعود شکیل نے 97 رنز بنائے، ٹھیک ہے ان کے اسکواڈ میں چند تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن ایسا کہنا کہ ایجبسٹن میں انگلینڈ کو ایک آسان مقابلہ ملےگا، ایسا ہر گز نہیں ہے۔



